کروڑ لعل عیسن: 3 رمضان البارک کو دختر رسول کا وصال ہوا۔ آپ ساری ساری رات تلاوت قرآن فرماتی تھیں۔ روزہ تزکیہ نفس کا درس دیتا ہے۔ اس ماہ مبارکہ میں نماز ، روزہ ، تراویح کا خاص خیال رکھنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین جماعت اہلسنت کے ڈویژنل کنویئر علامہ قاری محمد اشفاق سعیدی گولڑوی نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس ماہ مبارکہ میں قرآن پاک نازل فرمایا۔ قرآن مجید کو دنیا اور مافیہ سے بے نیاز ہو کر پڑھنا چاہیئے۔
دختر رسولۖ حضرت فاطمہ الزہرہ سردیوں کی لمبی راتوں میں قرآن مجید کی تلاوت فرمایا کرتی تھیں۔ حضرت بلال جب فجر کی اذان دیتے تو فرماتی کہ اللہ تعالیٰ نے اتنی چھوٹی رات بنائی ہے۔ ورنہ تلاوت قرآن پاک کا تسلسل جاری رکھتیں۔ آپ حضور نبی کریمۖ کی پیاری صاحبزادی ، شرم و حیاء کی پیکر اور جنت کی عورتوں کی سردار تھیں۔ جنہوں نے کبھی بھی حجاب نہ اتارا اور گھر سے باہر قدم نہ رکھا۔ آج کی ملت کی پردے سے بے نیاز عورتیں ننگے سر دفاتر اور مارکیٹوں میں گھومتی اور کاریں چلاتی نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری خواتین کو خاتون جنت کے نقش قدم پر چل کر زندگیاں گزارنا ہوں گی۔