لاہور : ماہ رمضان میں حاصل ہونیوالی تربیت کو اگر ہم سال بھر کیلئے اپنی عملی زندگی میں اپنا لیں تو ہمارے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ماہ رمضان ہمیں اتحاد یکجہتی کا درس دیتا ہے یہ مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے او اہل اسلام کے لئے مسرتوں شادمانیوں کی نوید ہے۔
ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل میڈیا فورم کے چیئرمین ایم اے تبسم،صدراقبال کھوکھر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ اسلام کی روشن تعلیمات پر عمل کر کے اس ماہ کے دوران مستحقین کو بھی خوشیوں میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اتحاد کا مظاہرہ کر کے رواداری کے جذبات کو فروغ دیں،انہوں نے کہا کہ روزہ برائیوں کے خلاف ایک ڈھال کی حیثیت رکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص فضل و کرم کرتے ہوئے ان کی زندگی میں یہ مقدس ماہ لاتا ہے۔
تاکہ بندے روزے جیسی عبادت کے ذریعے اپنے رب کا قرب حاصل کر سکیں،انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں چاہئے کہ بھائی چارہ کو فروغ دیں اور اپنے تمام اختلافات بھلا کر ملک وقوم کے اجتماعی مفاد کیلئے کام کریں۔