اسلام آباد (جیوڈیسک) سات ماہ کے دوران چاول کی برآمدات 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، رائس ایکسپوٹرز کے مطابق رواں مالی سال 2 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
دنیا بھر میں چاول کھانے کے شوقین پاکستانی رائس کے رسیے ہوگئے، جولائی سے جنوری کے دوران چاول کی برآمدات 29 فیصد اضافے سے 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 82 کروڑ ڈالر کا چاول برآمد کیا گیا تھا۔
رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کے نائب صدر رفیق سلیمان نے بتایا کہ رواں مالی سال مجوعی طور پر لگ بھگ 40 لاکھ میٹرک ٹن چاول برآمد کیا جا سکے گا جس سے چاول کی برآمدات کے لئے رکھا گیا 2 ارب ڈالر کا ہدف با آسانی حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔
شبیر سلیمان کا کہنا تھا کہ اس عرصے میں سب سے زیادہ چاول کینا میں برآمد کیا گیا جبکہ چین کی جانب سے چاول کی درآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چاول کی برآمدات میں اضافے کے لئے چینی حکام سے بات کی جائے۔