لاہور (جیوڈیسک) رمضان سرپر آگیا، جولائی کی دس تاریخ ہو گئی، لیکن پنشنرز تاحال پنشن سے محروم ہیں، لاہور میں بینکوں کے باہر بوڑھے مردو خواتین کا رش لگ گیا لیکن پنشن کیلئے ان کی آواز سننے کو کوئی تیار نہیں۔نیا مہینہ شروع ہوئے دس دن گزر گئے ہیں اور گذشتہ ماہ کی پنشن تو نہ جانے کب ختم ہوچکی تھی، نئی پنشن بھی نہیں مل رہی، اب عمر کے اس حصے میں کہاں جائیں۔
کس کا در کھٹکھٹائیں، لاہور میں بزرگ شہریوں کو پنشن کے حصول میں شدید دشواری کا سامنا ہے، ایسی صورت میں جب رمضا ن المبارک کاآغاز ہوا چاہتاہے، کوئی بزرگوں کی مشکل دور کرکے ان کی دعائیں لینے کے موڈ میں نہیں۔
بنکوں کے باہر پنشن لینے والوں کا رش بڑھتا جارہاہے، ہر روز پنشن کی آس لیے مایوس لوٹنے والوں کو آج دس دن گزر گئے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ اولڈ ایج بینیفٹ کے پنشنرز بھی پنشن سے محروم ہیں اور اب وہ انتظار کرتے کرتے تھک چکے ہیں۔