واشنگٹن (جیوڈیسک) بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اٹلی کی ڈیٹ ریٹنگ کو Baa2کی سطح پر برقرار رکھا جو کم درجے کی سرمایہ کاری گریڈ ریٹنگ ہے تاہم بلند قرضوں اور معیشت کو درپیش سخت چیلنجز کے باوجود سرکاری خزانے کی بہتر پوزیشن کی وجہ سے ریٹنگ کا آئوٹ منفی سے مستحکم کر دیا۔
موڈیز کا کہنا ہے کہ اگرچہ اٹلی یونان کے بعد یورو زون کا سب سے زیادہ مقروض ملک ہے تاہم معاشی نمو شروع ہونے سے رواں سال اس کا قرض جی ڈی پی کے 135 فیصد سے کم ہونے کا امکان ہے، ساتھ ہی قرضوں کی کم لاگت کے باعث حکومت ڈیٹ سروسنگ کے بھی قابل ہے، اس کے علاوہ بینک کیپٹلائزیشن جیسی حکومتی مالی ذمے داریوں کے حوالے سے خطرات بھی کم ہوئے ہیں جبکہ یورپی ریسکیوفنڈز کے لیے حکومتی حصہ بھی اب زیادہ بھاری بوجھ ثابت نہیں ہوگا۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ سیاسی تبدیلیوں کا حکومتی کریڈٹ ریٹنگ پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔