اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز انوسٹرز سروس نے پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ گلوبل بانڈز پیشکش کو (پی) بی 3 کا درجہ دیدیا۔
موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی بی تھری ریٹنگ، اعتدال پسنداقتصادی استحکام کاعکاس ہے اور ملک کا اقتصادی جائزہ پائیدار ہے۔ اگرچہ معیشت کا حجم نسبتاً زیادہ ہے لیکن عالمی سطح پر پاکستان کی فی کس آمدنی کی سطح نسبتاً کم ہے۔
چین پاکستان اقتصادی کوریڈور پر عملدرآمد سے ٹرانسپورٹیشن اورپاور جنریشن انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے ملکی اقتصادی گروتھ میں اضافہ ہو گا۔موڈیز کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات سے حکومت پاکستان کو نمایاں کامیابیاں ملی ہیں، ان میں خسارے میں کمی ،توانائی سیکٹر میں رکاوٹوں کا خاتمہ اور متعدد سرکاری اداروں کی نجکاری جیسی اہم کامیابیاں شامل ہیں تاہم پاکستان کی خود مختار کریڈٹ ریٹنگ کوآگے کی جانب لے جانے والے دیگر عوامل کی رفتار قدرے کم ہے۔
موڈیز کے بیان میں کہا گیاکہ حکومتی قرضے سے متعلق رسک میں بھی کمی آئی ہے،بینکوں کا انتظام بہتر ہے لیکن اقتصادی اور سیاسی دھچکوں کازیادہ متحمل نہیں ہے۔ پاکستان کا مستحکم جائزہ متوازن رسک سے متعلق ہمارے توقعات کا عکاس ہے۔
مثبت حالیہ پیشرفت کے باوجود کچھ مشکلات موجودہیں،جن میں قرضوں کی بلند سطح اورریوینیو کی محدودبنیاد شامل ہیں،اس کے ساتھ ساتھ بجلی کے شعبے میں کمزوریاں بھی نمو کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ موڈیز رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فنانسنگ کابڑا زریعہ مقامی وسائل ہیں اس لیے بیرونی قرضے درمیانے درجے کریڈٹ رسک کے حامل ہیں۔