لاہور (جیوڈیسک) لاہور محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ مزید دو سے تین روز جاری رہے گا جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ جام پور میں بارش کے باعث دیواریں گرنے سے خاتون جاں بحق اور4 افراد زخمی ہو گئے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں مون سون کے بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔
وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ضلع راجن پور کی تحصیل جام پور میں گزشتہ روز بارشوں کے باعث مہرے والا اور فاضل پور میں گھروں کی دیواریں گر گئیں، جس سے ایک خاتون جاں بحق اور دوبچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ کراچی، حیدرآباد، جیکب آباد، نوابشاہ، دادو اور سکھر سمیت سندھ کے بیش تر شہروں میں گرمی کا راج ہے۔
بلوچستان میں جعفرآباد، نصیر آباد، جھل مگسی اور دیگر میدانی علاقے بھی گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت، بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ شمال مشرقی بلوچستان اور ملتان ڈویژن میں چند ایک مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم مرطوب رہے گا۔