اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اطمینان ہے کہ پانچ سال پہلے سے زیادہ مستحکم اور زیادہ مضبوط پاکستان دے کرجا رہا ہوں۔ صدر زرداری نے اسلام آباد میں متعین سفارتکاروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔تقریب میں وزیرِ اعظم نواز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک جمہوری طور پر منتخب صدر، دوسرے جمہوری طور پر منتخب صدر کو عہدہ دے کر جا رہا ہے، اس سے پتا چلتا ہے کہ ملک میں جمہوریت جڑیں پکڑ رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ جمہوریت کی راہ میں ہم سب نے قربانیاں دیں، میاں نواز شریف نے بھی جلا وطنی اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ صدر زرداری کاکہناتھا کہ پاکستان اور بھارت کو پرانے تصفیہ طلب مسائل حل کر کے تعلقات میں بہتری لانا ہو گی۔
اس کا صرف یہی ایک طریقہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات بحال ہوں۔ اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق دونوں رہ نماوں کی ملاقات میں خطرناک قیدیوں کی سزائے موت پر عملدرآمد سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔