مراکش (جیوڈیسک) مراکش کے سفیر مصطفی صلاح الدین نے پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں. تاجروں کو باہمی روابط استوار کرکے مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنی چاہیں.
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد چیمبرآف کامرس مراکش کا ایک اقتصادی دن منائے. جس میں مراکش کے تاجروں کو شرکت کی دعوت دی جائے تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری براہ راست تبادلہ خیال کرکے مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر سکے.
مراکش کا سفارت خانہ اس ضمن میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرے گا. اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مراکش افریقہ اور یورپ میں داخلے کیلئے ایک گیٹ وے کا درجہ رکھتا ہے اور مراکش کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرکے پاکستان مذکورہ ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔