ماسکو (جیوڈیسک) روس کے ریٹائرڈ پولیس افسر کو 22 خواتین کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ قتل کی یہ وارداتیں 1994ء سے 2000ء کے درمیان کی گئیں جس سے شہر میں انتہائی خوف کی فضا پھیلی رہی۔
پھر اچانک ایسی وارداتوں کا سلسلہ رک گیا۔ میخائل پوپکوف اس وقت پکڑا گیا جب تفتیش کاروں نے اس کیس کی ایک بار پھر تفتیش کا آغاز کیا جس میں اس علاقے کے ایسے لوگوں کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی لئے گئے جو اسی کمپنی کی کار چلاتے تھے جس کے نشانات کرائم سین پر پائے گئے تھے۔
میخاائل پوپکوف نے 1998ء میں پولیس سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم اسے 2012ء میں روس کے مشرقی شہر ولادی ووسٹوک سے گرفتار کیا گیا۔ میخائل پوپکوف خواتین کو اپنی پولیس گاڑی میں لفٹ کی دعوت دیتا تھا اور چاقوؤں کے وار کر کے قتل کر دیتا تھا۔
تفتیشں کاروں نے میخائل پوپکوف کی طرف سے 22 خواتین کے قتل اور دو کو قتل کرنے کی کوشش سے متعلق شواہد جمع کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ قتل کی جانے والی خواتین کی لاشیں گھنے درختوں والی جگہوں، سڑکوں کے کنارے یا پھر قبرستانوں میں ملا کرتی تھیں۔
میخائل پوپکوف کے حملے سے دو دیگر خواتین بچ نکلنے میں کامیاب تو ہو گئیں مگر انہیں شدید زخم آئے تھے۔ میخائل پوپکوف کا موقف ہے کہ اس نے تمام قتل اس لئے کئے کیونکہ وہ روس کو طوائفوں سے پاک کرنا چاہتا تھا۔