اہل بیت کی توہین کے خلاف اندرون سندھ کئی شہروں میں‌احتجاج

Protest

Protest

حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدر آباد سمیت اندرون سندھ کئی شہروں میں جیو ٹی وی کے مارننگ شو میں اہل بیت کی توہین کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔ سنی تحریک ضلع سکھر کے کارکنان کی بڑی تعداد نے سکھر پریس کلب کے سامنے کنوینر شہزاد خرم، دانش قادری، بلال و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اورنجی چینل کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی کی، اس موقع پر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ چینل کے پروگراموں میں غیر شرعی حرکات سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں مگر موجودہ حکومت اس کے خلاف ایکشن لینے کو تیار نہیں، قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے کے بعد اب شعائر اسلام پر بھی حملے شروع کر دیے گئے ہیں جو اسلام او رپاکستان دشمن عالمی قوتوں کا ایجنڈا ہے،سکھر میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اصغریہ آرگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین و دیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے امریکہ، اسرائیل اور نجی ٹی وی چینل کے خلاف پرانا سکھر کی مرکزی امام بارگاہ سے سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کے شرکا نے پیدل تین کلو میٹر کا سفر کیا، شرکائےریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ نجی چینل نے اہل بیت کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، مظاہرین نے بعد ازاں نجی چینل کا پتلا نذرآتش کیا۔

کندھکوٹ میں سٹیزن رائٹس فورم، مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماءکونسل کی جانب سے اہل بیت کی توہین کے خلاف ٹاور چوک سے پریس کلب تک الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں، خیرپور شہر میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر کے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا جبکہ شیعہ علماء کونسل کی جانب سے بھی مارننگ شو میں اہل بیت کی توہین کے خلاف سیکڑوں کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جس کی قیادت علامہ اسد اقبال زیدی کر رہے تھے، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا کہ ہم اہل بیت کی توہین پر کسی کو معاف نہیں کر سکتے، جیکب آباد میں مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے، شیعہ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام پیام ولایت فائونڈیشن اوراصغریہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے مسجد المصطفیٰ شیخ محلے سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کے دوران مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے جھنڈے بھی نذر آتش کیے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جیو پر پابندی لگائی جائے اور اہل بیت کے خلاف زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے،علاوہ ازیں جھڈو، کشمور اور شادی لارج میں بھی مختلف مذہبی جماعتوں اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔