خادم الحرمین کی مسجد الحرام کا توسیعی حصہ کھولنے کی ہدایت

Masjid Al Haram

Masjid Al Haram

مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) خادم حرمین شریفین شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیزنے مسجدالحرام کا توسیعی حصہ ماہ رمضان کے دوران نمازیوں کیلیے کھولنے کی ہدایت کر دی ہے۔

توسیعی حصہ کھلنے کے بعد مسجد الحرام میں 6 لاکھ 25 ہزار اضافی عبادت گزار نماز ادا کر سکیں گے، ایوان خادم الحرمین الشریفین ذرائع کے مطابق توسیعی حصہ کھلنے سے 6 لاکھ 25 ہزار اضافی عازمین مسجد حرم کے اندر اور احاطے میں نمازادا کر سکیں گے، علاوہ ازیں مطاف کے توسیع شدہ حصہ کی پہلی اور دوسری منزل بھی کھولنے کا حکم دیا گیا۔

جس سے ایک گھنٹے میں 40 ہزار عازمین فریضہ سرانجام دے سکیں گے، مسجد الحرام میں کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر میجر جنرل عبدالرحمن القحطانی نے بتایا کہ مسجد کی سیکیورٹی کیلیے ایک ہزار 250 کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور 270 ٹی وی اسکرینوں کے ذریعے عازمین کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، ادھر سعودی شہریوں نے ماہ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مکہ پولیس، میونسپلٹی اور ایوان خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔