کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے تمام مساجد میں محکمہ مذہبی امور کا تیار کردہ سرکاری خطبہ کے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ حکومت سندھ کے اس منصوبے سے مساجد کو بنیاد پرستی اور فروعی صف بندی کیلئے استعمال کرنے کی روایت کی حوصلہ شکنی و فرقہ واریت کا خاتمہ اور مذہبی آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا۔
بشرطیکہ محکمہ مذہبی امور غیر جانبداری کے ساتھ اپنا مذہبی فریضہ ادا کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے خطبات تیار کرے لیکن اگر اس منصوبے کے ذریعے حکومتی نا اہلیوں ‘ ناقص پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات کے ساتھ اسلامی اصولوں کے منافی حکمرانوں کی حرکات کیخلاف مذہبی حلقوں و تنظیموں کی جانب سے اٹھنے والی آواز کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج حکمرانوں کے حق میں نہیں بلکہ ان کیخلاف آئیں گے اور حکومتی اقدامات سے اس بات کا مظہر ہیں کہ حکمران طبقہ پر خود اپنے ہی پاوں پر کلہاڑا مارنے کا شوق سوار ہے جو خود حکمرانوں اور عوام کیلئے ہی نہیں بلکہ جمہوری نظام کیلئے بھی ضرررساں ثابت ہوگا۔
بعدازاں گجراتی سرکار نے کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کی جانب سے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پاکستان پرویز مشرف و بری کئے جانے پر آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحفظات کے باوجود سب کو عدالتی فیصلہ کا احترام کرنا چاہئے اور اشتعال انگیزی سے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی بجائے آئینی و قانونی راہ اپنانی چاہئے۔