مچھر مار سپرے کروا کر بیماریوں سے محفوظ کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔توفیق بٹ

Dengue

Dengue

گوجرانوالہ : ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ ہیلتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی خدمت میں مگن ہے اور لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کیلئے مکمل آگاہی اور مچھر مار سپرے کروا کر بیماریوں سے محفوظ کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راجکوٹ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں صحت و صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد معززین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 96 میں مچھر مار سپرے کی مہم شروع ہو چکی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ حلقہ میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

جہاں سے ڈینگی لاروا کے شواہد ملے وہاں پر خصوصی اقدامات کرتے ہوئے ڈینگی لاروا کا خاتمہ کیا جائیگا۔ ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے کہا کہ ڈینگی سے بچائو کیلئے سالڈ ویسٹ، واسا، ہیلتھ، ٹی ایم اے اور ٹائون کمیٹیاں مل جل کر کام کر رہی ہیں جو کہ خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر حلقہ پی پی 96 میں صفائی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور حلقہ میں کہیں بھی قربانی کے جانوروں کے آلائشیں یا گندگی نظر نہیں آنے دی جائے گی، گندگی صفائی نہ کرنے والے سینٹری ورکرز کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔