کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار و میزبان ندا یاسر کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کے بولڈ پروگرام کرنے کے باعث اہلخانہ کو 2 سال کے لیے ملک سے باہر رہنا پڑا۔
ندا یاسر نے ٹی وی شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ماضی میں ملک سے باہر زندگی گزارنے کے واقعے کو مداحوں سے شیئر کیا۔
ندا نے کہا کہ ’مجھے اندازہ ہے کہ وطن سے دور رہنے کی تکلیف کیا ہوتی ہے ، کیوں کہ جب میں چھوٹی تھی تو بہنوں اور والدہ کے ساتھ 2 سال جرمنی میں رہ چکی ہیں جب کہ والد اس دوران پاکستان میں ہی تھے‘۔
ان کا کہنا تھا ’کہ والدہ کے پاکستان ٹیلی ویژن چینل پر بولڈ پروگرام کرنے کے بعد ہمیں بہنوں کے ہمراہ ملک چھوڑنا پڑا، بعد ازاں میں نے رو رو کر امی کو پاکستان آنے کے لیے مجبور کیا‘۔
ندا نے مزید کہا کہ ’والد کی ملازمت پاکستان میں تھی تو انہوں نے کہا کہ وہ ملازمت چھوڑ کر پاکستان سے باہر کیسے جاسکتے ہیں‘۔
ندا یاسر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے بھی پردیس میں رہنے کی تکلیف برداشت کی ہے اس دوران چھوٹی چھوٹی باتوں پر ملک کی کیسے یاد ستاتی ہے اس کا اچھے سے اندازہ بھی ہے‘۔
خیال رہے کہ ندایاسر ٹیلی ویژن کی معروف مرحوم پروڈیوسر فہمیدہ نسرین اور ہدایت کار کاظم پاشا کی صاحبزادی ہیں۔