مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا آج 121 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے

Fatima Jinnah

Fatima Jinnah

کراچی (جیوڈیسک) تحریک آزادی پاکستان کی سرگرم رہنما اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطہ جناح کا آج 121 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔

فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو وزیر مینشن کراچی میں پیدا ہوئیں، آپ بہن بھائیوں میں قائد اعظم سے سب سے زیادہ قربت رکھتی تھیں فاطمہ جناح نے کلکتہ کے ڈینٹل کالج سے ڈینٹسٹ کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ اپنے بڑے بھائی محمد علی جناح کی مشیر بن گئیں۔

فاطمہ جناح برطانوی راج کی شدید مخالف اور دو قومی نظریہ کی حامی تھیں اسی لئے انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ کے لئے بڑھ چڑھ کر خدمات پیش کیں اور مسلمانوں کی واحد سیاسی جماعت کی اہم رکن بن کر ابھریں۔

قائد اعظم کی زندگی میں مادر ملت 1929 سے 1948 تک ہر اہم مرحلے اور موڑ پر ان کے ساتھ رہیں، آزادی پاکستان کے بعد انہوں نے پاکستان وومن ایسوسی ایشن کے نام سے تنظیم بنائی جس نے نوزائیداہ ملک میں آنے والوں کی رہائش کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا اور بانی پاکستان کے انتقال کے بعد بھی انسانیت کے لئے خدمت اور سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔ طویل علالت کے بعد 9 جولائی 1967 کو محترمہ فاطمہ جناح اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔