ممبئی (جیوڈیسک) اداکارہ سوناکشی سنہا انڈسٹری میں اپنے بنداس انداز کے لیے مشہور ہیں لیکن جب میڈیا میں ان کے بارے میں افواہیں گردش کرتی ہیں تو انھیں اچھا نہیں لگتا۔ سوناکشی کہتی ہیں کہ وہ اپنے بارے میں چھپنے والی ہر خبر پر توجہ نہیں دیتیں لیکن ’کبھی کبھی میڈیا ایسی خبریں دیتا ہے جن کا اثر نہ صرف ہم پر بلکہ ان لوگوں پر بھی پڑتا ہے جو ہماری زندگی سے جڑے ہوتے ہیں۔‘
سوناکشی کا کہنا ہے کہ سلیبریٹی ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ میڈیا ان کی ذاتی زندگی میں جھانکنے کی کوشش کرے۔ سوناکشی کے مطابق میڈیا کئی بار انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر تصدیق کے خبریں دیتا ہے۔ سوناکشی کہتی ہیں ’ہم بھی انسان ہیں، ہمیں بھی اپنے ماں باپ کے سامنے جواب دہ ہونا پڑتا ہے۔‘
سوناکشی کا اشارہ غالباً اپنے بارے میں شائع ہونے والی اس حالیہ خبر کی جانب ہے جس میں ان کے دوست بنٹی سچدیو کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات کے بارے میں بات کی گئی تھی۔ سوناکشی کا کہنا کسی حد تک درست بھی ہے کہ ایک مشہور شخصیت ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ان کی ذاتی زندگی کا ہر پہلو لوگوں کے سامنے لایا جائے لیکن یہ وہ قیمت ہے جو تقریباً ہر معروف شخصیت کو ادا کرنی پڑتی ہے۔
آج کل رنبیر کپور اور قطرینہ کیف ایک دوسرے سے آنکھیں چراتے دکھائی دیتے ہیں، کوئی فلمی پارٹی ہو یا ایوارڈ فنکشن دونوں کی ٹیمیں کچھ اس طرح کوآرڈینیٹ کرتی ہیں کہ ایک کے جانے کے بعد ہی دوسرا نمودار ہوتا ہے۔ بحرحال رنبیر کپور جن کا کریئر اس وقت روبہ زوال نظر آ رہا ہے بڑی بے صبری سے اپنی فلم ’جگا جاسوس‘ کے منتظر ہیں۔ رنبیر کا کہنا ہے کہ یہ فلم ان کے لیے خاص بھی ہے اور مشکل بھی لیکن انھیں اس فلم سے بہت امیدیں ہیں۔
یہ اس لیے بھی کیونکہ اس وقت رنبیر کو ایک ہٹ فلم کی شدید ضرورت ہے اور مشکل اس لیے کیونکہ انھیں اس فلم میں اپنی مبینہ سابق گرل فرینڈ قطرینہ کیف کے ساتھ کام کرنا پڑا جو ایک صبر آزما کام تھا اور فلم بڑی مشکل سے مکمل ہوئی لیکن اس کی ریلیز ابھی ملتوی کر دی گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ دونوں جو ایک دوسرے کے سامنے آنے سے کتراتے ہیں کیا اس فلم کے پروموشن کے لیے ساتھ آئیں گے؟
فلم ’سلطان‘میں سلمان خان کے دوست فلم کی ہیروئن انوشکا شرما ’عارفہ‘ کو بھابی کہہ کر پکارتے تھے جو فلم کا حصہ تھا لیکن خبر ہے کہ اب اصل زندگی میں سلمان کے خاص دوست ان کی خاص دوست ہولیا وینتور کو بھابی کہہ کر پکارنے لگے ہیں۔
سلمان نے آج تک ہولیا وینتور کے بارے میں کبھی وضاحت، تردید یا تصدیق نہیں کی ہے لیکن جس طرح ہولیا ہر فنکشن میں سلمان اور ان کے گھر والوں کے ساتھ نظر آتی ہیں اس سے افواہوں اور قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور کچھ اخبارات اور ٹی وی چینل تو ان کی شادی کی تاریخ تک بتا چکے ہیں۔
دیکھا جائے تو اس سے پہلے بھی سلمان کی کئی خواتین دوست اسی طرح ان کے اور ان کے خاندان کے اتنے ہی نزدیک رہ چکی ہیں لیکن شادی تک بات نہیں پہنچی۔ اب دیکھتے ہیں کہ اس بار اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے؟
ابھشیک بچن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک کامیاب اداکار کے ناکام بیٹے ثابت ہوئے ہیں تاہم ابھشیک اپنے بارے میں کہی جانے والی ایسی باتوں کو کبھی دل سے نہیں لگاتے جس کی کئی مثالیں موجود ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا ’اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس کی اولاد ہیں اگر آپ فلاپ فلمیں دیتے ہیں تو فلمساز آپ کا فون تک نہیں اٹھاتے۔‘ سنہ 2002 میں اپنی پہلی فلم ’رفیوجی‘ کے بعد سے ان کا کریئر گراف کچھ اچھا نہیں رہا۔ ابھشیک نے کچھ اچھی فلمیں ضرور دی ہیں جن میں ’دھوم‘، ’بنٹی اور ببلی‘ اور ’دوستانہ‘ شامل ہیں۔
ابھشیک کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں 16 سال بعد بھی انھیں لگتا کہ بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ’ناکامیاں آپ کو بہت کچھ سکھاتی ہیں اور ناکامی کے بغیر کامیابی مشکل ہے۔‘ ابھشیک کا کہنا ہے ’فلاپ فلمیں آپ کو توڑ دیتی ہیں لیکن میرے برے دور میں میری حسِ مزاح نے مجھے مضبوط بنایا۔‘