لاہور (جیوڈیسک) مادر ملت فاطمہ جناح کا یوم پیدائش آج قومی جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے۔ لاہور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی اٹھارہ سو ترانوے کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ آپ نے انیس سو بائیس میں کلکتہ یونیورسٹی سے دندان سازی کی تعلیم مکمل کی جس کے بعد اپنے بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ قیام پاکستان کی جدوجہد کا عملی حصہ بن گئیں۔ قیام پاکستان سے قبل کئی شہروں میں خواتین کے تعلیمی مراکز قائم کئے۔ انیس سو چالیس میں تقسیم ہند کی تاریخ ساز قرارداد کی منظوری میں شریک ہوئیں۔
بانی پاکستان کی وفات کے بعد ان کی شفاف جمہوری اقدار کو ازسر نو زندہ کرنے کا کریڈٹ فاطمہ جناح کے سر ہی جاتا ہے اور قیام پاکستان کے بعد انیس سو پینسٹھ میں اکہتر برس کی عمر میں متحدہ حزب اختلاف کے پلیٹ فارم سے منصب صدارت کیلئے طاقتور فوجی آمر ایوب خان کا بھی مقابلہ کیا۔ محترمہ فاطمہ جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں ان کی زندگی، تحریک پاکستان کے دوران ان کی جدوجہد اور خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔