پاکستان (جیوڈیسک)قیام پاکستان کی جدوجہد میں قائداعظم محمدعلی جناح کے شانہ بشانہ کام کرنے والی مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی آج 46 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ پاکستان تحریک پاکستان کی ممتاز رہنما اور قائداعظم محمد علی جناح کے ہر قدم کی ساتھی محترمہ فاطمہ جناح 30 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ 1910 میں انہوں نے میٹرک اور 1913 میں سینئر کیمرج کا امتحان پرائیویٹ طالبہ کی حیثیت سے پاس کیا۔ 1922 میں محترمہ فاطمہ جناح نے نے ڈینٹیسٹ کی تعلیم مکمل کر لی۔ تاہم 1929 میں قائد اعظم محمد علی جناح کی زوجہ کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنی زندگی بھائی کی خدمت کے لئے وقف کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
محترمہ فاطمہ جناح نے نہ صرف نجی زندگی میں بلکہ سیاسی زندگی میں بھی قائد اعظم محمد علی جناح کا ہر قدم پر ساتھ دیا۔ 1964 میں ضعیف العمری کے باوجود وہ ایوب خان کے خلاف منصب صدارت کے مقابلے میں اتریں۔ تاہم دھاندلی کے باعث انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ محترمہ فاطمہ جناح ہر مقام اور ہر میدان میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ دیکھنے کی خواہاں تھیں۔
وہ جب تک زندہ رہیں تب تک انہوں نے خواتین کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی کی۔ نو جولائی 1967 کو مادر ملت 73 سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان کی بے مثال جدوجہد اور قربانیاں آج بھی پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔