راولپنڈی (جیوڈیسک) ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل راحیل شریف نے راولپنڈی میں زخمی جوانوں کے علاج کے لئے قائم فوجی ادارے اے ایف آئی ار ایم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے قربانیاں دینے والے فوجی افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے دوران زخمی ہونے والے سپاہیوں کے عزم کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ زخمی سپاہی بھی ہمارے قومی ہیروز ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے فوج ان کی قربانیوں کا کھلے دل سے اعتراف کرتی ہے اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
آرمی چیف کو ادارے میں زخمی فوجیوں کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ ادارہ ایک مکمل بحالی مرکز بن چکا ہے جہاں ایک چھت تلے علاج کی تمام بہترین سہولیتں موجود ہیں۔
آرمی چیف نے علاج اور بحالی کے لئے ڈاکٹرز کی طرف سے زخمیوں کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان ظاہر کیا۔
اس موقع پر انہوں نے فنی تربیت کے شعبے کا افتتاح بھی کیا جہاں زخمی سپاہیوں کو مختلف فنی شعبوں میں تربیت دی جائے گی تاکہ وہ ایک بار پھر معاشرے کا مفید شہری بن سکیں۔