تحریک دفاع حرمین شریفین کی اپیل پرملک بھر میں یوم تحفظ حرمین شریفین منایا گیا

Karachi

Karachi

کراچی : تحریک دفاع حرمین شریفین کی اپیل پر ملک بھر میں میں یوم تحفظ حرمین شریفین منایا گیا ،مساجد میں ائمہ وخطبانے حرمین کے تحفظ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے تقاریر میں حوثیوں کی جانب سے حرمین پر قبضے کی دھمکیوں اور یمن میں جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جلد یمن کی صورتحال کا پرامن حل تلاش کریں۔

مذاکرات کی میز پر نہ آنے والے باغیوں کو فی الفور کچلا جائے ، یمن میں مداخلت کے ذریعے سعودی عرب میں انارکی پھیلانے والے ممالک کا عالم اسلام بائیکاٹ کرے، حکومت افواج پاکستان کو فوری طور پر تحفظ حرمین شریفین کے مشن پر روانہ کرے ،، عالم اسلام کا پاک فوج پر اعتماد پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث فخر اورخلیجی ممالک کی جانب سے پاکستان سے فوجی امداد طلب کرنااعزاز کی بات ہے۔

یوم تحفظ حرمین کے سلسلے میں میں تحریک دفاع حرمین شریفین کے سربراہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے یوم تحفظ حرمین شریفین کے حوالے سے مختلف وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو یمن کے حوالے سے واضح پالیسی کا اعلان کرنا ہوگا چونکہ چنانچہ کا مربہ ملک وقوم کیلئے نقصان دہ ہے، حکومت کی دوغلی پالیسی کے باعث پوری امت مسلمہ میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے۔

ایک طرف سے حکومت بارہا کہ چکی ہے کہ ہم سعودی عرب کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے تو دوسری جانب سے سعودی عرب کو فوجی امداد نہ دینے کا اعلان کرکے قوم کو الجھایاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ تحفظ حرمین شریفین کی ذمہ داری صرف پاکستان کی نہیں بلکہ عالم اسلام کا فریضہ ہے ،یمن سعودی عرب کا پڑوسی ہے اورسعودی عرب پاکستان کا دیرینہ ساتھی ہے اس لحاظ سے سعودی عرب کی مدد وتعاون کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ یمن جزیرہ عرب کا حصہ ہے تو پھر غیر عربوں کا باغیوں کو سپورٹ کرنے کا کیا جواز ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام الناس کودرست معلومات فراہم نہیں کی جارہیں بلکہ اسے فرقہ وارانہ رنگ دیکر عالم اسلام میں گروہی تقسیم کی کوشش کی جارہی ہیں ،امت مسلمہ کو گروہی اور فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس مسئلے کے حل پر توجہ دینی چاہیے، جامع مسجد محمدی کے خطیب مولانا حافظ محمد صادق نے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت عالمی سطح پر مسلمانوں اور اسلام کے خلاف سازشوں کے جال بچھائے جارہے ہیں۔

کبھی توہین رسالت کا ارتکاب کراکے گستاخوں کی پشت پناہی کی جاتی ہے تو کبھی انبیاء کرام کی توہین پر مبنی فلمیں بناکر عالم اسلام کے جذبات کو مجروح کیا جاتاہے، یمن میں بغاوت کی آگ بھڑکانابھی اسی سازش کی ایک کڑی ہے اور حوثی باغیوں کو یمن میں مضبوط کرکے اسلام دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یمن کا مسئلہ کسی گروہ یافرقے کا نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے جس میں مظلوم کا ساتھ دینا عالم اسلام کی ذمہ داری بنتی ہے۔