لاہور (جیوڈیسک) موٹر سائیکلوں میں سائلنسر فائر کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، سینکڑوں منچلوں نے اپنی موٹر سائیکلوں میں سائلنسرفائر لگائے ہوئے ہیں جس سے نہ صرف شہریوں بلکہ پولیس کیلئے بھی مشکلات درپیش ہیں، آتشیں اسلحہ کی آواز سے مماثلت کے باعث شہری خوفزدہ ہوکر ون فائیو پر کال کردیتے ہیں جس کی وجہ سے پولیس کی دوڑیں لگ جاتی ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں موٹرسائیکلوں کے سائلنسر فائر کے باعث شہری خوفزدہ ہوکر حادثات کا شکار بھی ہورہے ہیں جبکہ بعض اوقات فائرکی آواز کو بھی سائلنسر فائر خیال کرکے ٹال دیاجاتاہے تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے یا حکومت کی جانب سے اس خوفناک رجحان کے تدارک کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے۔
رپورٹ کے مطابق صرف عید کے دنوں میں صوبائی دارالحکومت میں 30 موٹرسائیکل سوار حادثے کا شکار ہوئے جن میں سے تین اپنی فیملی سمیت زخمی ہوئے جبکہ سائلنسر فائر چلانے والے 9 موٹر سائیکل سوار بھی سوئچ کی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوکر ہڈیا ں تڑوابیٹھے۔