موٹر وے پولیس نے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر دیا: ذوالفقارچیمہ

Zulfiqar Ahmed Cheema

Zulfiqar Ahmed Cheema

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) آئی جی موٹر وے ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس نے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سول اور ملٹری افسران سمیت اہم حکومتی عہدیداران کے چالان ہو چکے ہیں جبکہ عالمی اداروں نے سرکاری اداروں میں موٹروے پولیس کو کرپشن فری ادارہ قرار دیا ہے جو پورے ملک کیلئے باعث فخرہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں روڈ سیفٹی سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر آفتاب محسن، ایس ایس پی موٹر وے گوجرانوالہ منیر مسعود مارتھ، ڈاکٹرز، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سڑکیں سفر کیلئے محفوظ نہیں ہیں سالانہ 30 ہزار افراد حادثات میں ہلاک اور 50 ہزار معذور ہو جاتے ہیں ان میں زیادہ تر نوجوان ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور لین کا خیال نہ رکھنے سے حادثات ہوتے ہیں۔ بعد ازاں آئی جی موٹر وے نے صدر پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی حیثیت سے میڈیکل کے طلباء میں لاکھوں روپے کے تعلیمی وظائف بھی تقسیم کئے۔