خانیوال (راشد ملک سے) موٹر وے پولیس کو کامیابی سے چلتے ہوئے 18 سال سے زائد کا عرصہ مکمل ہوچکے ہیں۔الحمداللہ موٹروے پولیس کے کالر پر کسی قسم کا کوئی داغ نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی موٹر وے عالم شیر وٹو نے پرائیویٹ کالج اور سکول کے طلباء سے موٹر وے پولیس کے زیر اہتمام منعقدہ روڈ سیفٹی لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ موٹروے پولیس نے 18 سال سے زائد کا بہت طویل سفر مکمل کیا ہے پہلے دور میں لوگ سفر کرنے کیلئے ایک دن پہلے روانہ ہوتے تھے لیکن موجودہ دور میں صرف چند گھنٹے قبل ہی سفر کیلئے نکلتے ہیں اور رات کے وقت شہری سفر کرنے سے اجتناب کرتے تھے کیونکہ شہری ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں سے ڈر تے تھے موٹروے پولیس کے قیام کے بعدرات کے وقت سفر کرنے میں کوئی دشواری نہیں کیونکہ روڈز پر ہر وقت موٹر وے پولیس ان کی خدمت کیلئے موجود رہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی کے حوالے جانچنا ہو تو وہاں کے ٹریفک نظام کا جائزہ لینے سے معلوم ہو جاتا ہے کہ یہ ملک کتنا ترقی یافتہ ہے ۔ ہمارے پاس آج قانون تو ہے مگر اس پر عمل نہیں کیا جاتا جس کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے سے ایک شخص نہیں بلکہ پورا گھرانہ تباہ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے اس لئے آپ سب موٹر وے پولیس کے قوانین پر عمل کریں ۔اس موقع ایڈمن آفیسر بیٹ نمبر18 قمر شہزاد بھٹی ایس پی او نے کہاکہ روڈ پر چلتے ہوئے احتیاط برتیںاور وقوانین کی پاسداری کریں انہوں نے کہاکہ ہیلمٹ کے استعمال سے بہت سے بڑے حادثات میں انسانی جان بچ سکتی ہے ۔خدانخواستہ اگر روڈ پر کوئی ایکسیڈنٹ ہوجائے اور آپ نے ہیلمٹ پہن رکھا ہے اور روڈ پر آپ کا سر لگتا ہے تو بہت زیادہ بچت ہو جاتی ہے لیکن اگر ہیلمٹ نہ ہوتو کوئی بھی بڑا نقصان ہو سکتا ہے ۔اس لئے روڈز سینس کو استعمال کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔