اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے شمالی حصوں فضائی حدود کی بندش کی بنا پر بدھ کے روز اسلام آباد سے اسکردو، گلگت اور چترال جانے والی پروازیں منسوخ کر دیں گئیں۔
پریس ریلز میں فضائی بندش کی وجوہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ پی آئی اے کے ترجمان نے پروازوں کی منسوخی پر فضائی مسافروں سے معذرت کی ہے۔
یہ پریس ریلز ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیا ہے جب سماجی رابطے کی کئی دیب سائٹس پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موٹر ویز کو عام ٹریفک کے لیے بند کرکے وہاں فوجی جیٹ طیارے اتارنے اور پرواز کرنے کی مشقیں کی جا رہی ہیں۔ بدھ کے روز ان خبروں میں اسلام آباد لاهور موٹر وے کے کچھ حصوں کا بھی اضافہ کردیا گیا۔
یہ خبریں ایک ایسے موقع پر سامنے آ رہی ہیں جب بھارتی کنٹرول کے کشمیر میں اڑی پر عسکریت پسندوں کےحملے کے بعد سیاست دانوں اور عسکری قیادتوں کے سخت اور بیانات کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہوگیا ہے اور پاکستان کے وزیر اعظم کشیمریوں کے خلاف بھارتی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا معاملہ اقوام متحدہ کے فورم اور بین الاقوامی عہدے داروں سے اپنی ملاقاتوں میں اٹھا رہے ہیں۔
برسوں پہلے جب اسلام آباد لاهور موٹر وے کی تعمیر شروع ہوئی تھی تو اس وقت بھی بعض حلقوں کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ موٹر وے کو طیاروں کے رن وے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔