اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے۔ شدید سردی کو کم کرنے کے لئے سورج کی کرنوں میں بھی اثر نہیں رہا۔ ایسے میں جلانے کی لکڑی بچنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے جس کے بعد سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔
برفباری رکنے کے بعد لوگ گھروں کی چھتوں اور راستوں سے برف ہٹانے کا کام کر رہے ہیں۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ سردی کی وجہ سے مختلف موسمی امراض پھیل رہے ہیں۔
بلوچستان کے شمالی علاقوں کے پہاڑوں میں جمی برف کی وجہ سے سردی کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے اور سورج کی کرنیں بھی بے اثر ہوگئی ہیں۔ قبائلی علاقوں کرم ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں سردی میں اضافے نے جلانے کی لکڑی کے دام بڑھا دیئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ 2 سے 3 روز میں پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔