فیصل آباد (نامہ نگار خصوصی) تحریک احتساب ریلی کرپشن کے حقیقی خاتمے تک جاری رہے گی،عمران خان کی کال پر تمام انصاف پسند 3ستمبر کو قافلوں کی صورت میں لاہور پہنچیں گے،پنجاب اور وفاق حکومت کا چہرہ حالیہ دنوں میں ہونے والی بارشوں میں واضح ہو گیا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان رہنماء راجہ ضرار سجاد نے ملاقات کیلئے آنے والے پاکستان تحریک انصاف ستیانہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے عوام بیزار ہو چکے ملک کے میں عوامی اور ملکی مفادات کی حامی حکومت کی اشد ضرورت ہے نہ کہ کرپشن سے بھرپور دامن والوں کو عوام پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے کے غبارے سے ہوا نکل گئی جبکہ دوسری جانب جڑواں شہروں میں بننے والے میٹرو بس منصوبہ سے چند ماہ بعد ہی کرپشن ٹپکنے لگی ہے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ممبر نیشنل اسمبلی کا کا قومی اسمبلی جبکہ ممبر پرانشل اسمبلی کا کام صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کرنا ہے نہ کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز کی زینت بننا ہے۔
علاقائی سطح پر ترقیاتی کام کروانا ضلعی حکومتوں کا کام ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات کروائے جانے کے بعد تا حال اختیارات کی منتقلی کا عمل ہی مکمل نہ ہوسکا ہے انہوں نے کہا کہ 3ستمبر کے دن حکمران عوامی مطالبات کو مان لیں گے اور یہ تحریک ہر خاص وعام کے احتساب تک جاری رہے گی۔