تحریک آزازی کشمیر کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ علامہ ناصر عباس جعفری
Posted on July 15, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں ہزاروں شہداء کا خون شامل ہے اوراسے کسی بھی صورت میں سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا، یوم شہدائے کشمیر کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیر یوں کا عزم بتاتا ہے کہ ہزاروں مرد و زن شہداء کا خون ان کے حق خود ارادیت کا پاسدار ہے اور ان کی جد وجہد آزادی اور قربانیوں کا سلسلہ بھارت کے ظلم وستم سے مکمل رہائی حاصل کر نے تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ مسئلہ کشمیر کو پس منظر میں دھکیل دیا جائے ، ہمارے دل کشمیری مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انشاء اللہ ان کی جدوجہد آزادی کو کبھی بھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، وہ وقت دور نہیں جب وادی کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور اس جنت نظیر خطے کے مکینوں کو بھارتی مظالم سے نجات ملے گی ، علامہ ناصر عباس جعفری نے شہدائے کشمیر کے خانوادگان کو تعزیت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ کشمیری مسلمانوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی مین حق خود ارادیت دیا جائے۔