تحریک انصاف کی قومی وطن پارٹی کو سینئر وزیراور دو وزرا کی پیش کش

P T I

P T I

پشاور(جیو ڈیسک)پشاور خیبر پختون خوا میں حکومت بنانے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی وطن پارٹی کو ایک سینئر وزیر اور دو وزرا کی پیش کش کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ عمران خان نے نوشہرہ سے رکن اسمبلی پرویز خان خٹک کو تحریک انصاف کا پارلیمانی لیڈر نامزد کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو وہ وزیراعلی ہونگے۔ پاکستان تحریک انصاف صوبے میں جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی اور آزاد اراکین کی حمایت کے ساتھ حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ قومی وطن پارٹی کو ایک سینئر وزیر اور دو وزرا کے عہدوں کی پیش کش کی ہے۔پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کیلئے 63 ارکان کی سادہ اکثریت درکار ہے۔

جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کے ساتھ حکومت سازی کے امورطے کرنے کیلئے چاررکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ دونوں جماعتوں کا اجلاس آج ہوگا۔صوبے میں حکومت بنانے کیلئے جمعیت علمائے اسلام کے مسلم لیگ ن، قومی وطن پارٹی، آزاد اراکین اور چھوٹی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔