اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی مرکزی قیادت عمران خان کے ساتھ سپریم کورٹ جائے گی، حامد خان، بیرسٹر سلمان آفریدی اور بیرسٹر خرم ہاشمی عمران خان کا دفاع کریں گے۔ اسلام آباد میں عمران خان کی رہائش گاہ پر سینئر پارٹی قیادت کا اجلاس ہوا۔
ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عدالت میں جانے سے محاذ آرائی نہیں ہو گی۔ عمران خان نے جو بیانات دئیے ہیں اس پر قائم ہیں۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ عمران خان عدلیہ کے احترام میں عدالت پیش ہوں گے۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے موقف میں سچے اور پکے ہیں۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت اخلاقی طور پر عمران خان کے ساتھ سپریم کورٹ جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف راولپنڈی کے تمام ارکان صوبائی اسمبلی بھی عمران خان کے ساتھ سپریم کورٹ جائیں گے۔