تحریک انصاف ، جماعت اسلامی میں وزارتوں کی تقسیم کا فار مولا طے

JI PTI

JI PTI

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میں وزارتوں کی تقسیم کا فارمولا طے پا گیا ہے۔ پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اور صوبائی ترجمان شوکت علی یوسف زئی اور جماعت اسلامی کے سینئر صوبائی وزیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی خواہش پر جماعت اسلامی نے محکمہ بلدیات کا قلمدان سنبھالنے کی حامی بھرلی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے صوبائی ترجمان شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کو آج حتمی شکل دے دی جائے گی۔ صوبے کے بارہ نومنتخب وزرا تیرہ جون کو گورنر ہائوس میں اپنی وزارتوں کا حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان وزارتوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہے۔