تحریک انصاف آج لاہور کے مینار پاکستان گرانڈ میں جلسہ کرے گی

Lahore PTI Meeting

Lahore PTI Meeting

لاہور(جیوڈیسک)لاہور مینار پاکستان کے سرسبز گرانڈ پر تحریک انصاف کے جلسے کیلئے پنڈال سج گیا۔تاریخی مینار پاکستان کے سائے تلے دو اسٹیج بن گئے، بڑے اسٹیج پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت بیٹھے گی، چھوٹا اسٹیج نومنتخب عہدے داروں کیلئے مخصوص کر دیا گیا۔

جبکہ پنڈال کرسیوں سے اٹا اٹ بھر دیا گیا، جلسہ آج دوپہر 2 بجے شروع ہو گا جو رات تک جاری رہے گا۔ تحریک انصاف کے جلسے میں لائٹنگ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے،جگہ جگہ بجلی کے پول اور جنریٹر نصب کئے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔ جلسہ کے آغاز تک مینار پاکستان گراونڈ میں داخلے پر پابندی ہوگی۔اسپیشل برانچ ، بم ڈسپوزل یونٹ اور دیگر خفیہ ایجنسیوں نے پنڈال اور اسٹیج کو کلیئر کر دیا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے مینارپاکستان گراونڈ کے اندر اور باہر ہر طرف سادہ لباس اور وردی میں پولیس اہلکار تعینات کردئے گئے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کے کارکنان بھی جلسے کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ 23 مارچ کا جلسہ یہ بات ثابت کرے گا کہ پاکستان کے عوام اس ملک میں کرپشن ،مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔