تحریک عدم اعتماد؛ اپوزیشن کا پی ٹی آئی خیبر پختون خوا کے ارکان اسمبلی سے رابطوں کا انکشاف

National Assembly

National Assembly

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن کی جانب سے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے تاہم اکثریت نے اپوزیشن کا ساتھ دینے سے انکار اور کچھ نے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں نمبر گیمز مکمل کرنے کے لیے ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کیے جارہے ہیں، اسی ضمن میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی سے بھی رابطے کیے گئے ہیں اور رابطوں کا آغاز پی ڈی ایم میں شامل مرکزی قیادت کی جانب سے کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے ایک رکن قومی اسمبلی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پی ڈی ایم میں شامل ایک جماعت کی جانب سے رابطہ ہوا ہے ہم نے اس حوالے سے ساتھ دینے سے انکار کردیا ہے تاہم پی ٹی آئی کے مزید ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کیے جارہے ہیں۔ پی ڈی ایم ذرائع نے بتایا ہے کہ کچھ ارکان اسمبلی نے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے اور بعض ارکان ساتھ دینے کے لیے تیار نہیں۔

خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے ترجمان اختیار ولی نے اس بات کی تصدیق کی ہے عدم اعتماد لانے کے لیے جو ضروری لوازمات ہیں اس کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، حکومتی جماعت کے ایم این ایز سے بھی رابطے میں ہیں اپوزیشن جماعتوں نے عدم اعتماد کی تیاری مکمل کرلی ہے کسی بھی وقت عدم اعتماد کی تحریک لائی جاسکتی ہے، اس بار ہماری تیاری مضبوط ہے وار خطا نہیں جائے گا، ارکان کو مارچ میں خوشخبری ملے گی۔