لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی خواہش ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگومیں (ن) لیگ کے صدر اوراپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد 22 کروڑ پاکستانی عوام کی خواہش ہے۔عوام تنگ آ چکے ہیں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح بھنگ پینے والے کوبھنگ پینے کی عادت پڑجاتی ہے مجھے عوام کے پیسے بچانے کی عادت پڑگئی تھی۔کم ترین بولی میں صاف پانی کے ٹھیکے دئیے اوریہ جرم صرف عوام کے لئے کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ نیب اور نیازی گٹھ جوڑ سے بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔نیب بے گناہ لوگوں کو کہتا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف بیان دو آپ کوچھوڑدیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاناما میں10 ارب مانگنے والے اب عدالت ہی نہیں آتے۔این سی اے نے میرے سوئس بنکوں سے متعلق چیک کیا۔سوئٹزر لینڈ سے خط آیا کہ شریف نام کا کوئی بنک اکاونٹ نہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ سب میرے خلاف الٹے ہو گئے ہیں لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے۔ قبر میں بھی چلا جاؤں ایک روپے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو قبر سے نکال کر تختہ دار پر لٹکا دیں۔