تحریک تحفظ پاکستان ملک کے ہر حلقہ میں اپنا امیدوار کھڑا کریگی جبکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے ہم خیال جماعتوں سے رابطے جاری ہیں،خورشید زمان

اسلام آبا د : جماعت اسلامی اور تحریک تحفظ پاکستان نے انتخابی اتحاد قائم کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں مشترکہ امیدوار لائیں گی ، 11مئی سے قبل لاہور میں مینار پاکستان پر جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ اس بات کا اعلان امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور تحریک تحفظ پاکستان کے رہنما چوہدری خورشید زمان نے منگل کے روز مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

قبل ازیں معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رہائش گاہ پر جماعت اسلامی کے وفد نے منور حسن کی سربرہی میں ان سے تفصیلی ملاقات کی ۔ پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا کہ ہم نے تحریک تحفظ پاکستان کے ساتھ ملکر الیکشن لڑنے کافیصلہ کیا ہے ۔ ملک بھر میں دونوں جماعتیں مشترکہ امیدوار لائیں گی۔ انتخابات میں عوام پانچ سال تک مرکز اور صوبوں میں لوٹ مار کرنے والوں کو مسترد کریں ۔ قوم کو چوروں اور لٹیروں کے خلاف اکٹھا کیا جائے گا تاکہ ان کا راستہ روکا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے مختلف رہنمائوں سے بات چیت جاری ہے اور مذہبی جماعتوں کے قائدین ایک ملاقات کرچکے ہیں ۔ کوشش کی جارہی ہے کہ دینی جماعتیں ایک دوسرے کے امیدوار کی حمایت کریں ۔ منور حسن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے ابھی بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک اس کا کو نتیجہ نہیں نکلا ۔

مسلم لیگ (ن) نے بھی پنجاب میں لوٹ مار کی ہے تاہم ان سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرسکتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کراچی میں حلقہ بندیاں اور نئی ووٹر لسٹیں بنانے کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن یہ کام کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ قومی خزانے سے قرض لیکر معاف کرانے والوں کو تو کچھ نہیں کہا گیا جبکہ چھوٹے چھوٹے کیسوں والوں کو پکڑا جارہا ہے ۔جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ 86سالہ شخص چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے اپنا حقیقی کردار ادا نہیں کرسکتا جس طرح اسے کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی چترال سے بھی مسترد ہوجائیں گے ۔ اگر پرویز مشرف نے الیکشن لڑا تو انہیں عبرتناک شکست دیتے ہوئے ضمانت ضبط کروا دیں گے ۔ اس موقع پر چوہدری خورشید زمان نے کہا کہ پارٹی کا متفقہ فیصلہ تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان خود الیکشن میں حصہ نہ لیں ۔

بلکہ انکی پارٹی پاکستان کے ہر حلقہ میں اپنا امیدوار کھڑا کریگی جبکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے ہم خیال جماعتوں سے رابطے جاری ہیں ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے ملک وقوم کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ ان کی قیادت میں سیاسی جماعتوں کو متحد کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالا جائے۔