ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی فلم ساز سبھاش گئی کی میوزیکل تھرلر فلم کانچی کے ٹریلرکے بعد نئے گانے کی ویڈیوبھی جاری کر دی گئی ہے۔ تو سب کچھ رے کے بولوں پر مبنی گانا سونو نگھم اور انویشادتہ کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی ویڈیو مشتی اور کارتک تیواری پر فلمائی گئی ہے۔ فلم کانچی کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کرپشن کے خلاف جنگ لڑتی ہے اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نا انصافیوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے ہر صورت اپنا حق لینے کا اعلان کرتی ہے۔ سبھاش گئی کے مطابق فلم کی کہانی بھارت کی ایک ایسی لڑکی سے متاثرہوکر تحریر کی گئی ہے جو اپنی جیسی عام لڑکیوں کا گروہ بنا کر کرپشن کے خلاف جنگ لڑتی ہے اورنظام تبدیل کردیتی ہے۔
اس فلم میں ہیروئن کا کردار نو آموز اداکارہ مشتی نبھائیں گی جن کے ساتھ آکاشوانی اور پیار کا پنچنامہ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا نے والے کارتک تیواڑی سمیت رشی کپور اور متھن چکر ورتی بھی اہم کرداروں میں جلوہ گرہورہے ہیں ۔ اسماعیل دربار اور سلیم سلیمان کی موسیقی سے سجی یہ فلم رواں اپریل25 اپریل کو ریلیز کر دی جائے گی جس سے سبھاش گئی کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔