ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم رادھے پر تنقید کرنے والے ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے کی جانب سے لفظی گولہ باری کا سلسلہ تاحال ختم نہیں ہوا ہے۔
سلمان خان کی فلم کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے والے کمال آر خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بالی ووڈ اسٹار کو کیرئیر تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں ناقد نے سلمان خان کو غنڈا کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لڑنے کی ہمت ہے تو خود سامنے آکر لڑو! کسی چیرکُٹ (چھوٹے) گلوکار کو آگے نہ کرو نہ ہی اس کے پیچھے چھپو۔
کمال آر خان نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں تمہارا فلمی کیرئیر ختم کر دوں گا، یہ تمہارا اختتام ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں سلمان خان کے وکلا کی ٹیم کی جانب سے فلم ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ مقدمہ فلم رادھے کے باعث کیا گیا بعدازاں سلمان کے وکلا نے اس کی تردید کی تھی اور مقدمے کو سلمان کی این جی او سے جوڑا تھا۔