ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ فلم “غنڈے” کے اسٹارز پاکستان آنے کو بیتاب ہیں اور جلد یہاں آکر اپنے آباوٴ اجداد کی سرزمین کو دیکھنا اور دوستوں، پرستاروں سے ملنا چاہتے ہیں۔
جی ہاں، ہم بات کر رہے ہیں بالی وڈ اسٹارز رنویر سنگھ اور ارجن کپور کی، جنہوں نے تھوڑا عرصہ پہلے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا، جانداری اداکاری کے ذریعے اپنی نئی فلم ’غنڈے‘ کو ایکشن، رومانس اور تفریح کے دلکش سنگم میں ڈھالا ہے۔
فلم غنڈے کے حوالے سے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رنویر سنگھ اور ارجن کپور نے کہا کہ پاکستان کا نام آتے ہی انہیں اپنے دادا اور دادی کی یاد آ جاتی ہے جو کراچی سے ہجرت کر کے ممبئی چلے آئے تھے۔
بالی وڈ اسٹارز نے لالی وڈ اسٹار علی ظفر سے بھی اپنی دوستی کا ذکر کیا، ان کا کہنا تھا کہ علی ظفر اور ان کی اہلیہ انہیں اور پریانکا چوپڑا کو کئی بار پاکستان آنے کی دعوت دے چکے ہیں۔
رنویر سنگھ اور ارجن کپور نے جنگ گروپ اور ٹائمز آف انڈیا کے تعاون اور اشتراک سے جاری ”امن کی آشا“ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔