لکھنؤ (جیوڈیسک) بھارتی اداکار نے جان سے مارنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈیزی شاہ اور فلم کے کوریو گرافر گنیش اچاریہ کے خلاف مقدمہ درج کرا دیاہے۔
بھوجپوری فلموں کے اداکار ستیاندرا سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ فلم ”سودا“ میں ڈیزی شاہ کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہے تھے جب کہ فلم کا اسکرپٹ بھی انہوں نے ہی لکھا تاہم اب انہیں فلم سے آؤٹ کر کے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیزی شاہ اب میرے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی کیونکہ میں مشہور ادا کارنہیں ہوں، بھوجپوری اداکار نے ڈیزی شاہ اور کوریو گرافر گنیش اچاریہ سمیت 18 افراد کے خلاف اتر پردیش کے ضلع مینپور کے تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
دوسری جانب ڈیزی شاہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے 16 ماہ قبل اس فلم کے ایک گانے میں ڈانسر کی حیثیت سے شوٹنگ کی تھی تا ہم ان کا اس فلم اور اس کے عملے سے کوئی تعلق نہیں جب کہ گنیشن اچاریہ کا کہنا ہےکہ وہ ستیاندرا سنگھ نامی کسی اداکار کو جانتے ہی نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ 29 سالہ ڈیزی شاہ نے حال میں ہی سلمان کی فلم ’جے ہو‘ سے شہرت حاصل کی ہے اس سے پہلے وہ فلموں میں بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر کام کرتی رہی ہیں۔