بالی وڈ(جیوڈیسک)ہو یا لالی وڈ فلمی دنیا کا کرکٹ سے ہمیشہ ایک رشتہ رہا ہے۔ ماضی میں ہم نے فلم انڈسٹری اور کرکٹ کے درمیان بہت سے رشتے جڑتے دیکھے ہیں۔ لیکن حالیہ آئی پی ایل اسکینڈل نے ان رشتوں کو ایک نیا موڑ دیا ہے۔بات ہو بالی وڈ کی ہو یا لالی وڈ کی ماضی میں دونوں فلم انڈسٹریز کا کرکٹ سے گہرا رشتہ رہا ہے۔ کرکٹ کے کھلاڑی ہمیشہ سے ہی فلم انڈ سٹری کی حسینائوں کے سپنوں کے راجہ رہے ہیں۔سب سے پہلا رشتہ جو فلم انڈ سٹری اور کرکٹ کے درمیان قائم ہوا وہ بالی وڈ اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور انڈین کرکٹ کے ہیرو نواب منصور علی خان پٹودی کا تھا۔
لالی وڈ میں سرفراز نواز اور اداکارہ رانی کی شادی انجام پائی۔اسکے بعد فاسٹ بالر محمد آصف اور وینا ملک کی دوستی کے قصے زبان زد عام رہے پاکستانی کرکٹر شعیب اختر اور دیا مرزاکی دوستی کو بھی کافی شہرت حاصل رہی جبکہ سابقہ پاکستانی فاسٹ بالر وسیم اکرم اور سابق حسینہ عالم سشمیتا سین کی دوستی بھی کافی مشہور ہے۔
لیکن حالیہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں وندو دارا سنگھ کے ملوث ہونے کے الزامات نے فلم انڈسٹری اور کرکٹ کے مابین رابطوں کو ایک نیا رخ دیا ہے اننچاس سالہ وندو دارا سنگھ کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
جن میں گرو،میں نے پیار کیوں کیا،پارٹنر اور سن آف سردار شامل ہیں۔فلموں کے علاوہ وندو ٹی وی ڈرامہ سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔انہیں ممبئی پولیس نے اکیس مئی کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے جنکا اقرار بھی وندو سنگھ کر چکے ہیں۔