فلمیں بننا شروع انڈسٹری کی رونقیں جلد بحال ہونگی : ندیم

Nadeem

Nadeem

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار ندیم نے کہا ہے کہ اچھی فلم کا فلاپ ہونا اتنا نقصان دہ نہیں جتنا بری فلم کا کامیاب ہونا فلم انڈسٹری کیلئے نقصان دہ ہے۔

بدقسمتی سے تقریباً تین دہائیاں قبل کچھ بری فلمیں کامیاب ہوئیں جس کے بعد اس ڈگر پر فلمیں بننا شروع ہو گئیں جس کے نتیجے میں پاکستان فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہو گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب کچھ اچھی فلمیں بننا شروع ہو گئی ہیں۔ فلم وار‘ نامعلوم افراد اور اپریشن 021 اچھی فلمیں تھیں۔ ان کے علاوہ بھی کچھ اچھی فلمیں بن رہی ہیں۔ امید ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کی رونقیں جلد بحال ہونگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹی وی انڈسٹری بہت ترقی کر رہی ہے۔

پی ٹی وی کے علاوہ بہت سے پرائیویٹ ٹی وی چینلز ڈرامے تیار کر رہے ہیں اور ٹیلی کاسٹ کر رہے ہیں جو دنیا بھر میں پسند کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی اب زیادہ تر ٹی وی ڈراموں میں ہی کام کر رہا ہوں۔ کچھ فلموں کی آفرز ہوئی تھیں مگر مجھے ان کے سکرپٹ اچھے نہیں لگے اس لئے سائن نہیں کیں۔