فلم”میلفسنٹ”کے نئے کلپس جاری

Maleficent

Maleficent

نیویارک (جیوڈیسک) والٹ ڈزنی پکچرز کی نئی فلم میں اینجلینا وِلن بن گئیں۔ہالی ووڈ کی ایکشن،ایڈونچر، ڈرامہ تھرلر فلم”میلفسنٹ”کے نئے کلپس جاری کر دیے گئے ہیں جس میں اینجلینا جادو گرنی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

بحیثیت پروڈکشن ڈیزائنر دو آسکر ایوارڈز جیتنے والے ہدایتکار رابرٹ اسٹارمبرگ کی یہ فلم افسانوی کہانیوں پرمبنی کئی کتابوں سے ماخوذ ہے جس میں اینجلینا جولی سمیت ایلی فیننگ، شارلٹو کو پلے، برینٹن تھوائیٹس، میرانڈا رچرڈسن اور سیم رائلے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈون ہین اور جوئے روتھ کی پروڈیوس کردہ اس ایڈونچر فینٹسی فلم کی کہانی ڈزنی کلاسک سلیپنگ بیوٹی کی وِلن میلفسنٹ کے گرد گھومتی ہے جو دراصل ایک خوبصورت نوجوان لڑکی تھی تاہم جنگل میں اپنی پُرامن سلطنت کوحملہ آوروں سے بچاتے ہوئے دھوکا دہی اور غداری کے بعدپتھر دل بن جاتی ہے۔

اورپھر سلطنت کے نئے بادشاہ کی بیٹی اروڑا پرجادو کردیتی ہے۔ 20 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی ایکشن وایڈونچرسے بھرپور یہ فلم میلفسنٹ والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز موشن پکچرز کے تحت رواں سال 30 مئی کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔