ممبئی (جیوڈیسک) گزشتہ کچھ عرصے سے بالی ووڈ کی بڑے بجٹ کی فلمیں ناکامی سے دوچار ہورہی ہیں جسے دیکھتے ہوئے اکشے کمار نے اپنا معاوضہ کم کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے بالی ووڈ میں بڑے ناموں اور بڑے بجٹ سے بننے والی فلموں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے جب کہ کم بجٹ سے بننے والی اچھی فلموں نے اپنی لاگت سے کئی گنا زیادہ کمائی کی ہے۔
اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے اکشے کمار نے بھی نئی حکمت عملی بنائی ہے جس کے تحت اب وہ فلموں میں کام کا زیادہ معاوضہ لینے کے بجائے فلم میں منافع کی شرط پرکام کررہے ہیں، فلم جتنا زیادہ بزنس کرے گی انہیں منافع بھی اتنا ہی زیادہ ملے گا تاہم نقصان کی صورت میں وہ صرف اپنے معاوضے پر ہی قناعت کریں گے۔
واضح رہے کہ اکشے کمار سے قبل سلمان خان ، شاہ رخ خان اور عامر خان بھی مارکیٹ ویلیو سے کم معاوضے پرکام کرتے ہیں تاہم وہ فلم کے منافع میں حصہ دار ہوتے ہیں جب کہ عامر خان فلم کی کہانی کو دیکھتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری سے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔