بھارت میں کبھی ایسا کام نہیں کیا جس سے ندامت ہو، علی ظفر

 Ali Zafar

Ali Zafar

لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکار و گلوکار علی ظفرنے کہا ہے کہ ہالی ووڈ اوربالی ووڈ کے پیچھے لگتے ہوئے لالی ووڈ کے بجائے ہمیں پاکستان فلم انڈسٹری کا نام پوری دنیا میں متعارف کروانا چاہیے۔

مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا ہمارے پاس بہت سی خوبصورت کہانیاں اور لکھنے والے موجود ہیں اب فلمسازی کرنا چاہتا ہوں، نوجوان رائٹرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جن کے ذریعے میں پاکستان کا خوبصورت چہرہ پوری دنیا میں متعارف کروا سکوں۔ میں ایسی فلمیں بنانا چاہتا ہوں جو پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرسکے۔

بالی ووڈ میں کام کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھا اور میں نے ایک بات ذہن میں رکھی کہ مجھے کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا جس سے مجھے اور پوری قوم کو ندامت ہو۔ مجھے بہت سی بولڈ فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی ہے لیکن میں نے انکار کر دیا۔ بھارت میں میرے ساتھ گزشتہ چھ برسوں کے دوران کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا اورنہ ہی مجھے کسی نے دھمکی دی ہے۔

اس عرصہ کے دوران صرف ایک بارمیرا پونا میں میوزک کنسرٹ کینسل ہوا تھا اس کے علاوہ آج تک کچھ نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں علی ظفر نے کہا شان بہترین اداکار اور میرے سینئرہیں میں ان جیسی اداکاری نہیں کرسکتا۔ انھوں نے کہا کہ اپنی حالیہ فلم کل دل کوتین بار ہندوستان میں دیکھ چکا ہوں لیکن اپنے ملک میں اور فیملی کے ساتھ فلم دیکھنے کا بہت مزہ آیا۔ بھارت میں کئی دن گزارنے کے بعد جب اپنے گھر واپس آتا ہوں تو ایک خوشگوار احساس ہوتا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ میں فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہوں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے بھی بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں اوراب تک 80 لڑکیوں کی تعلیم کی ذمے داری اٹھار کھی ہے آئندہ برس 100 مزید لڑکیوں کی تعلیم کا ذمے اٹھاؤں گا۔