ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹیشاہد کپور ایک بار پھر سلور اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہوگئے ہیں جن کی الیانا ڈی کروز کیساتھ نئی رومانٹک کامیڈی فلم”پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو”کیلئے راک اسٹار گرل نرگس فخری کے آئٹم سونگ کی وڈیو کے علاوہ نیا ڈائیلاگ پرومو جاری کردیا گیا ہے۔ ارشاد کامل کے تحریر کردہ “چل دھتنگ ناچ”کے بولوں پر مبنی اس گانے کو نقاش عزیز اور شیفالی الوئرس کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جس میں نرگس فخری تھیٹر میں شاہد کپور کیساتھ ڈانس کرتی نظر آرہی ہیں جبکہ گانے سمیت فلم کی موسیقی پریتم نے ترتیب دی ہے۔ رائٹر وہدایتکار راجکمار سنتوشی کی اس فلم کو سدھارتھ رائے کپور، رونی اسکریو والااور رمیش تروانی نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔
جس میں شاہد اور الیانا کیساتھ درشن جری والا، پدمنی کو لہاپوری اہم کردار ادا کررہے ہیں جبکہ راک اسٹار ہیروئن نرگس فخری آئٹم سونگ میں بحیثیت مہمان اداکارہ جلوہ گر ہوئی ہیں۔ فلم میں شاہد کپور پولیس انسپکٹر وشواس راکی خاکی وردی میں نظر آرہے ہیں جودراصل ایک اداکار ہے اور پولیس والے کا رول نبھارہا ہے۔ ہلکے پھلکے ایکشن، کامیڈی اور رومانس سے بھرپور یہ فلم رواں سال 20 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائیگی۔