ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور کامیڈی فلم ’ویلکم ‘کے تیسرے سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
بالی ووڈ میں آج کل نئی فلموں کے بجائے پرانی ہی فلموں کے سیکوئل بنانے کا رواج عام ہو گیا ہے اور اس زمرے میں کامیڈی فلموں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیوں کہ مداحوں کی جانب سے ایسی فلموں کو کافی پزیرائی مل رہی ہے جس کی مثال ’ہاؤس فل‘ اور ’گول مال‘ کی کامیابی ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم ’ویلکم ‘کے تیسرے سیکوئل کو منفرد بنانے کے لئے ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ موسیکار ہنس زیمر کی خدمات حاصل کرلی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیس بزمی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ویلکم بیک‘ کی کامیابی کے بعد ایک اور سیکوئل بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور تیسرے سیکوئل کو چارچاند لگانے کے لئے ہالی ووڈ آسکر ایوارڈ یافتہ اور ڈارک نائٹ،لوائن کنگ اور پائریٹ آف دی کیریبین سیریس جیسی فلموں میں موسیکار کے فرائض انجام دینے والے ہنس زیمر سے فلم کی بیک گراؤنڈ موسیقی کے لئے رابطہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے تیسرے سیکوئل میں سابقہ اداکار ہی مرکزی کردار میں دیکھائی دیں گے جس میں انیل کپور (مجنو) ،نانا پٹیکر (ادے شیٹھی) اور پریش راول (ڈاکٹر گھنگرو) کا کردار کریں گے جب کہ فلم کی شوٹنگ کے لئے ٹوکیو، اوساکا اور نیو یارک میں ولڈ ٹریڈ سینٹر جیسی جگہوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ فلم کا پہلا سیکوئل ویلکم 2007 میں ریلیز کیا گیا جب کہ دوسرا سیکوئل ’ویلکم بیک‘ 2015 میں ریلیز کیا گیا۔