جماعت اسلامی کے ارکان پارلیمنٹ رہنے والے رہنماؤں کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں: سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف ٹیکس چرانے کے ملزم ہیں اور ملزم کو کمشن بنانے کا کوئی حق نہیں جس ایوان نے انہیں وزیراعظم بنایا اسی کے ارکان کا حق ہے کہ وہ کمشن بنائیں اور ارکان پارلیمنٹ کا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمشن بنایا جائے جو آف شور کمپنیاں بنا کر ٹیکس چرانے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات کی تحقیقات کرے اور مجرموں کو سزا بھی دے۔

مرضی کے ریٹائر جج کی سربراہی میں کمشن کا قیام محض دھوکہ ہے عوام اس دھوکہ میں آنے والے نہیں۔ ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاور میں اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں حکمرانوں اور اپوزیشن کے ارکان کے علاوہ پاکستان کے دو سو خاندانوں کے نام آئے۔ حکومت کے وزیر خزانہ لوگوں سے ٹیکس اور بجلی کے بل جمع کرنے کی اپیلیں کرتے نہیں تھکتے اور انکے وزیراعظم اربوں ڈالر ٹیکس ادائیگی سے چھپا کر بیرون ملک کاروبار میں لگاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئس لینڈ کے وزیراعظم نے اپنی بیوی پر ٹیکس چرانے کا الزام لگنے کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا تاکہ آزادانہ انکوائری میں رکاوٹ نہ بنیں اور ہمارے وزیراعظم اپنے بیٹوں اور خاندان پر الزامات لگنے کے بعد اپنی مرضی کے ریٹائر جج کی سربراہی میں کمشن بنا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ قرضوں کے جال میں پھنسا ہوا ہے۔ لاکھوں لوگ راتوں کو بھوکے سوتے ہیں۔ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیکر روزگار کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں اور خودکشیاں کرتے ہیں۔ ہم نے پارلیمنٹ میں تجویز پیش کی ہے کہ ایک ایسا کمشن بنایا جائے جس میں قوم کے بااعتماد لوگ شامل ہوں اور جو آزادانہ تحقیقات کر کے قومی خزانہ لوٹنے والوں کا تعین کرے اور انکو قرار واقعی سزا دلائے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں جماعت اسلامی کے اب تک ایم این ایز، سنیٹر اور ایم پی ایز رہنے والے لیڈروں کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔ میں دو بار خیبر پی کے کا سینئر وزیر رہا اور خود کو ہر وقت احتساب کیلئے پیش کیا۔ ہمارا دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہے۔

ہم ملک میں ظلم اور کرپشن سے پاک نظام ائم کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم کرپشن میں ملوث ہر شخص کے گریبان میں ہاتھ ڈالیں گے چاہے وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم۔ جس نے عوام کو لوٹا ہے، خزانے کو لوٹا ہے، بینکوں اور کارخانوں کو لوٹا ہے، سٹیل ملز کو تباہ کیا، اداروں کو برباد کیا۔ پی آئی اے کو تباہ کیا، ان لوگوں کا چوکوں میں احتساب کریں گے۔