کراچی (جیوڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ ایم کیوایم پچھلے 20 سال سے اقتدار میں ہے اور پرویز مشرف کے دورمیں 5 سال تک ایم کیوایم نے سندھ میں مکمل طورپر حکومت کی اور تمام اہم وزارتیں ان کے پاس تھیں۔
ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان گذشتہ 12 سال سے صوبے میں موجود ہیں، ان کا تعلق ایم کیوایم سے ہی ہے۔ کراچی سمیت دیگر ایشوز پر آج بھی کئی اجلاس گورنر ہاؤس میں ہی ہوتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سندھ میں جاگیرداری نظام اب موجود نہیں۔ جاگیرداری نظام کا شہید ذوالفقار علی بھٹو خاتمہ کر چکے ہیں۔ زراعت کا کاروبار کرنا کوئی عیب نہیں ہے۔ سندھ میں لاکھوں زمیندار اور کسانوں کا روزگار شعبہ زراعت سے ہے۔
انھوں نے کہا کہ زراعت سندھ کاواحد پیشہ ہے جس میں کسان 50 فیصد کاحصہ دارہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کی معیشت کو نقصان زمینداروں یا وڈیروں نے نہیں بلکہ 25 سال سے جاری دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، جبری چندے اور بوری بندلاشوں سے ہوا ہے۔