کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کارکنان کی ہلاکت پر کل ملک بھر میں پرامن یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے تاجر اور ٹرانسپورٹرز سے کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے کارکنان ندیم احمد اورفراز عالم کی ہلاکت پر کل ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے جس کی متحدہ کے قائد الطاف حسین نے بھی توثیق کردی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے یوم سوگ کے موقع تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز سے کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کی اپیل کی ہے جبکہ یوم سوگ پر ملک بھر میں کارکنان کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔
دوسری جانب کھوکھرا پار تھانے میں زیر حراست ایم کیو ایم کا کارکن ہلاک ہوگیا جس کے بعد ورثا نے فراز عالم پر پولیس کی جانب سے شدید تشدد کا الزام لگایا ہے اور اس کی ہلاکت پر شدید احتجاج بھی کیا، ورثا کا کہنا تھا کہ پولیس نے فراز عالم کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے جسم پر انجیکشن اور تشدد کے نشانات تھے،ملزم کی رہائی کے عوض پولیس نے 10 لاکھ روپے بھی طلب کیے تھے جو نہ دینے پر اسے قتل کیا گیا ہے۔
کارکن کی پولیس حراست کے دوران ہلاکت پر ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ پولیس نے فراز عالم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور یہ معمول بن چکا ہے کہ پولیس ہمارے کارکنان کو گرفتار کرتی ہے اور ان پر تشدد کے ساتھ پیسے بھی مانگے جاتے ہیں۔
لہٰذا پولیس اس طرح کی ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ بند کردے ورنہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے گا جبکہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ واقعے کی تحقیقات کا حکم دیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے زیر حراست ملزم کی ہلاکت پر ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔