کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن رشیدگوڈیل نے مسلم لیگ ن کے ایک رہنماکی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرنے کے شوشہ کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ عجب مذاق ہے کہ طالبان جو کھل کر ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں اور آئین پاکستان کو مسترد کر کے اس کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کے بجائے حکومت ان کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے، ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمہ اور ملک کو بچانے کیلئے ایک حقیقت پسندانہ بات کی ہے تو مسلم لیگ ن کے ایک رہنما ایم کیوایم کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ قائم کرنے کی بات کررہے ہیں۔
رشید گوڈیل نے کہاکہ پاکستانی فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس کے افسران واہلکار شہید ہورہے ہیں، ملک کے معصوم عوام، صحافی، تاجر دہشت گردی کانشانہ بن رہے ہیں لیکن آرٹیکل 6 کے پروا نے اس قتل عام پر خاموش بیٹھے ہوئے ہیں اور سیکوریٹی فورسز اور عوام کو دہشت گردی کانشانہ بنانے اور پاکستان کی رٹ کو پیروں تلے روندنے والے اور آئین کو یکسر مسترد کرنے والے طالبان دہشت گردوں کے خلاف ایکشن کرنے کے بجائے ایم کیوایم پر اپنا زور دکھا رہے ہیں۔
رشیدگوڈیل نے کہاکہ مذکورہ رہنما ایم کیوایم کے خلاف شوشے چھوڑنے کے بجائے ان طالبان کے خلاف کارروائی کریں جو ریاست کی رٹ کا کھلا مذاق اڑا رہے ہیں۔